ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوح میں خوف کے سائے میں امن، یاترا نہیں ہوئی،متعدد کو نظر بند رکھاگیا، مسلمانوں نے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا، پورے علاقے میں ہو کا عالم

نوح میں خوف کے سائے میں امن، یاترا نہیں ہوئی،متعدد کو نظر بند رکھاگیا، مسلمانوں نے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا، پورے علاقے میں ہو کا عالم

Tue, 29 Aug 2023 12:00:40    S.O. News Service

نوح ،29/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)اس بیچ وی ایچ پی کو انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر برج منڈل شوبھا یاترانہیں نکالنے دی بلکہ 51سادھو سنتوں اوربھگوا عناصر کو پولیس کی نگرانی میں نلہر کے مندر میں لے جا کر  پوجا کروائی  گئی۔  یا درہے کہ وی ایچ پی  اور دیگر فرقہ پرست تنظیمیں31 جولائی کو فرقہ وارانہ تشدد کی وجہ سے روکی گئی  برج منڈل شوبھا یاترا کو 28 اگست کو بحال کرنے کیلئے مصر تھیں مگر ریاستی حکومت  نے اعلان کردیاتھا کہ اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

 اس سے قبل دن میں انتظامیہ نے ہندوتوا تنظیموں کے کئی لیڈروں کو گروگرام میں ہی یا تو حراست میں لے لیا یا پھر انہیں ان کے گھروں پر نظر بند کردیا۔  پولیس نے حالانکہ اعدادوشمار فراہم نہیں کئے کہ کتنے لیڈروں کو حراست میں لیاگیا یا نظر بند کیاگیا تاہم اس نے کہا ہے کہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے اس نے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے۔ یاد رہے کہ31 جولائی کو برج منڈل شوبھا یاترا کی وجہ سے پھوٹ پڑنے والے فساد میں  6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فساد کےبعدانتظامیہ نے مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے بڑی تعداد میں ان کے مکانات منہدم کردیئے تھے۔ 

 اس بیچ  نوح میں کرفیو جیسا ماحول رہا۔ پیر کو نوح میں بازار، اسکول ، کالج  اور بینک مندر ہے جبکہ  انٹر نیٹ خدمات بھی معطل رہیں۔  پولیس کے غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کی وجہ سے  علاقے میں کسی بیرونی شخص کو   داخل نہیں ہونے دیاگیا۔ نوح میں  وہی لوگ داخل ہوسکے جن کے پاس نوح کے شناخت کارڈ تھے۔ 

  اس بیچ ڈیوٹی پر تعینات ایک سب انسپکٹر کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی ہے۔ سب انسپکٹر حکم الدین نوح  کی بڑکلی چوکی میں تعینات تھے۔ ان کی ڈیوٹی آر اے ایف ٹیم کے ساتھ لگائی گئی تھی۔

  حالانکہ برج منڈل شوبھا یاترا کی اجازت نہیں دی گئی تھی مگر پیرکی صبح انتظامیہ نے سنتوں اور وشو ہندو پریشد کے  چنندہ لوگوں کو نلہرمندر میں جل چڑھانے کی اجازت دے دی،جس کے بعد پولیس 51 افراد کو 3گاڑیوں میں نوح بائی پاس سے نلہرمندر لے گئی، جنہوں نے پٹودی آشرم کے مہامنڈلیشور سوامی دھرما دیو اور وشو ہندو پریشد کے آلوک کمار رائے کی قیادت میں  جل چڑھایا۔ اس کے بعد یہ لوگ فیروز پور جھرکا اور سنگار پہنچے۔ سنگار کے رادھا کرشن مندر میں  جل چڑھانے کے بعدیاتراختم ہو گئی۔ اس معاملہ میں کہیں سے کسی ناخوش گوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

 اس سے پہلے نوح یاترا میں شرکت کیلئے ایودھیا سے   پہنچنے والے سنت جگت گرو پرمہنس آچاریہ مہاراج کو انتظامیہ نے گروگرام کے سوہنا ٹول پلازہ پر روک دیا۔پولیس نے نوح کی سرحدوں کو پوری طرح سیل کردیا تھا اور  لوگ شناختی کارڈ دکھاکر ہی شہر میں داخل ہوپارہے تھے۔اس مرتبہ مسلمانوں  نے پوری احتیاط برتی ہے۔گزشتہ روز ہی  ضلع کے دیہاتوں کی مساجد سے اعلانات کئے گئے تھے کہ یاترا کو دیکھتے ہوئے مسلمان   گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ دیہاتوں  میں بھی کہاگیاتھا کہ کہیں بھی ۴؍ سے زیادہ افراد اکٹھا نہ ہوں۔ کوئی اپنے گاؤں سے باہر نہ جائے۔اس معاملہ کے تعلق سے ہریانہ کے ضلع سونی پت میں بھی دفعہ 144لگائی گئی تھی۔

  اس بیچ ہریانہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر چودھری ذاکر حسین نے مندر پہنچ کر یاترا میں شرکت کی ہے۔سماجی کارکن مولانا محمد صابر قاسمی کے مطابق میوات کے نوح علاقہ ے دیہی علاقوں سے بھی کسی ناخوش گوار واقعہ کی کوئی خبر نہیں ہے۔پورے علاقے میں کشیدگی مگر امن ہے۔


Share: